
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی دوران سفر بھارتی اداکاروں سہیل خان اور آفتاب شیوداسانی سے ملاقات ہوئی، جس کی ویڈیو شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سابق کپتان شاہد آفریدی، جو ان دنوں بین الاقوامی اسپورٹس لیگ اور فلاحی کاموں میں مصروف ہیں، نے دوران سفر بنائی ایک ویڈیو شیئر کی۔
مذکورہ ویڈیو میں انہیں بھارتی اداکاروں سہیل خان اور آفتاب شیوداسانی سے خوش گپیاں لگاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، اس ویڈیو کے کیپشن میں شاہد آفریدی نے لکھا کہ گزشتہ چالیس دنوں سے کینیڈا کے لئے ’جی ٹی 20 کینیڈا‘ اور امریکا کے لئے ’یوایس ماسٹر ٹی 10‘ سمیت ’ایس آفریدی فاؤنڈیشن‘ کے لئے متعدد فلاحی پروگرام میں شرکت کے لئے سفر میں مصروف ہوں اور پاکستان کو یاد کر رہا ہوں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ایک چیز جو یقینی طور پر لوگوں کو متحد کرتی ہے وہ کھیل ہے بالخصوص کرکٹ، محبت ہے اس کھیل سے۔

شاہد آفریدی کی جانب سے شیئر کی گئی اس ویڈیو کو جہاں کرکٹ کے متوالے بےحد پسند کر رہے ہیں وہیں ان کی توجہ کا مرکز شاہد آفریدی، سہیل خان یا پھر آفتاب شیوداسانی نہیں بلکہ سابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کی چھوٹی بیٹی ’ارویٰ آفریدی‘ ہے جو دنیا سے بے پروا اپنی دھن میں مصروف کھیل رہی ہے اور کیمرے پر نظر پڑتے ہی معصومیت سے شرما جاتی ہے۔