
کراچی کی مصروف ترین شاہراہ فیصل پر شیر آگیا جو ٹہلتا ہوا ایک عمارت کی پارکنگ میں پہنچ گیا، تاہم وائلڈ لائف کی ٹیم نے اسے قابو کرکے پنجرے میں ڈال دیا۔
شاہراہ فیصل پر عائشہ باوانی کالج کے قریب شیر سڑک پر آگیا۔ پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ اس موقع پر شہریوں کا بھی علاقے میں رش لگ گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کے ذریعے شیر کو منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ گاڑی سے باہر نکل آیا، وائلڈ لائف حکام سے رابطہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا، ڈرائیور کا کہنا ہے کہ شیر کو منتقل کررہا تھا کہ شیر گاڑی سے باہر آگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شیر عمارت کی پارکنگ میں موجود ہے، شہریوں کو دور رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
شاہراہ فیصل پر عائشہ باوانی کالج کے سامنے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، پولیس شہریوں کو دور ہٹانے کی کوشش کررہی ہے جبکہ شیر کے مالکان بھی موقع پر پہنچ گئے اور نہیں پارکنگ تک جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
سربراہ محکمہ وائلڈ لائف سندھ جاوید مہر کا کہنا ہے کہ پالتو شیر کو مالک آسانی سے قابو کرسکتا ہے، شیر کے آس پاس رش نہ لگایا جائے۔
شیر کے مالک کو کراچی کے علاقے گارڈن سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ شیر کے مالک کا کہنا ہے کہ شیر بیمار تھا اسے علاج کیلئے لے جارہے تھے۔