
باحیثیت مسلمان ہمارا ایمان ہے کہ ہر چیز کا وقت مقرر ہے اور یہ زندگی اللہ کی امانت ہے جو وقت مقررہ پر ہم سے لے لی جائے گی۔
تاہم سائنس روحانیت اور جذبات سے عاری ہے، لہٰذا یہاں ہر شے کو مادی، تجزیاتی اور تجرباتی پیمانوں پر پرکھتے ہوئے نتائج اخذ کیے جاتے ہیں جس کے تحت اکثر لوگوں کا خیال ہے کہ زندگی کا دورانیہ جینز کے ذریعے طے پاتا ہے۔
تاہم انسانی جینز زندگی کی متوقع حد میں ایک معمولی کردار ادا کرتے ہیں، اس کے برعکس ہمارا ماحول اور طرز زندگی انسان کی عمر پر زیادہ اثر انداز ہوتا ہے۔
اگر کوئی شخص طویل عمر پانے کی خواہش رکھتا ہے تو اسے اپنے ماحول اور طرز زندگی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، جس کے لئے آپ درج عوامل کو زیر غور رکھ سکتے ہیں۔
تمباکو نوشی کی عادت کو ترک کریں:
اگر آپ تمباکو نوشی کرتے ہیں تو، بہتر صحت کے لئے اسے ترک کردیں، کیونکہ پھیپھڑوں کی صحت پر منفی اثرات کے ساتھ ساتھ یہ عمر بڑھنے کے عمل کو تیز کردیتی ہے۔
سگریٹ میں موجود 4 ہزارسے زائد کیمیکلز انسان کی زندگی کے 8منٹ کم کردیتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ سگریٹ نوشی ترک کرنے کو عمر میں اضافہ تسلیم کیا جاتاہے۔
50سالہ تحقیق کے مطابق، 30سال کی عمر میں سگریٹ نوشی ترک کرنے سے انسان کی عمر میں 10سال کا اضافہ ہوجاتا ہے جبکہ 40، 50 اور 60 سال کی عمر میں یہ عادت ترک کرنے سے بالترتیب 3 ،6 اور 9 سال کا اضافہ ہوتا ہے۔
سبزیوں اور پھلوں کے استعمال میں اضافہ کریں:
چونکہ سبزیوں اور پھلوں میں وافر غذائیت اور اینٹی آکسیڈنٹس مرکبات پائے جاتے ہیں جو آپ کے جسم کی طاقت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس لئے اپنی روزمرہ کی خوراک میں پھلوں، سبزیوں، مکمل اناج، زیتون کے تیل کے استعمال کو یقینی بنائیں۔ ان غذاؤں کے استعمال سے آپ میٹابولک سنڈروم کے نقصانات سے محفوظ رہتے ہیں۔ میٹابولک سنڈروم میں موٹاپا، ہائی بلڈپریشر اور دیگر دل کی بیماریوں جیسے نقصانات شامل ہیں ۔
جسمانی سرگرمی و ورزش کی عادت اپنائیں:
اپنی روزمرہ کے معمولات میں ورزش کو باقاعدگی سے شامل کرنے سے آپ کی حیاتیاتی عمر پر گہرا اثر مرتب ہوگا۔ ورزش کو معمول بنانے سے آپ کے پٹھے طاقت ور اور دل صحت مند ہوتا ہے۔
یہ بات تحقیق سے واضح ہے کہ باقاعدگی سے ورزش کرنے والے افراد ورزش نہ کرنے والے افراد کے مقابلے طویل عمر پاتے ہیں۔ روزانہ چہل قدمی کے ساتھ خوش رہنے کی عادات کو بھی اپنائیں اور کوشش کریں کے کم از کم 60 منٹ ورزش کے لئے مختص کریں۔
دائمی سوزش کو دور کریں:
اگر آپ دائمی سوزش کا شکار ہیں تو آپ بڑھتی عمر کے ساتھ دل کی بیماریوں اور کینسر جیسی موذی بیماریوں کاشکار ہوسکتے ہیں۔ تاہم اسے متوازن خوراک اور صحت مند طرز زندگی کو اپناکر قابو کیا جا سکتا ہے۔
سوزش کی شکایت کو دور کرکے آپ ممکنہ طور پر عمر کت تیزی سے بڑھنے کے عمل کو سست کرکے طویل عمر پاسکتے ہیں۔