
سوڈان میں خودمختار فوجی کونسل کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان مصر کے دورے پر پہنچ گئے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے سوڈانی رہنما کا ہوائی اڈے پر استقبال کیا۔
مصری صدر السیسی اور سوڈانی کونسل کے سربراہ البرہان کے درمیان مذاکرات ہوئے، مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات سمیت سوڈان میں جاری تنازع پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ السیسی اور البرہان کے درمیان مذاکرات میں جنگ بندی یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
مصری صدر سے ملاقات کے بعد سوڈانی رہنما جنرل عبدالفتاح البرہان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سوڈان کی مسلح افواج اقتدار میں رہنا نہیں چاہتی۔
ان کا کہنا تھا کہ باغی گروپوں نے سوڈانی عوام کو تباہ کرنے اور جنگی جرائم سے دریغ نہیں کیا، عالمی برادری کو سوڈان میں خانہ جنگی اور بحران کو اہمیت کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خود مختار کونسل سوڈان میں جمہوریت کی بحالی اور شفاف انتخابات کیلئے کوشاں ہیں، باغی گروپوں نے سوڈان کے مختلف حصوں میں جنگی جرائم کی مرتکب پائی گئی۔
یہ سوڈانی فوج اور کوئیک رسپانس فورسز میں جھڑپوں کے بعد جنرل البرہان کا پہلا بیرونی دورہ ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق جنرل عبدالفتاح البرہان کا مصر سے سعودی عرب جانے کا امکان ہے۔