
دیگر سبزیوں کی طرح پیاز بھی کچھ ہی دنوں میں ڈھیلی اور نرم ہو کر خراب ہونے لگتی ہے جس سے بچاؤ کے لیے اسے جَلدی استعمال کرنا پڑتا ہے مگر آج آپ جانیں گے کہ پیاز کو ایک سال تک استعمال کے قابل بنانے کے لیے کچھ ٹپس کے ذریعے مدد لی جا سکتی ہے۔
بہت سے لوگ پیاز کو فریج میں رکھنے کا انتخاب کرتے ہیں لیکن ان کی استعمال کی مدت بڑھانے کے لیے اِنہیں کسی ٹھنڈی اور اندھیری جگہ جیسے کہ گیراج یا بند کمرے (اسٹور) میں رکھا جا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ماحول میں موجود نمی اور روشنی پیاز کے سڑنے اور گلنے میں کردار ادا کرتی ہے لہٰذا پیاز کو ذخیرہ کرنے کے لیے اِنہیں خشک، ہوادار ٹوکری یا بڑے برتن میں رکھنا چاہیے۔
پیاز کو جَلد خراب ہونے سے بچانے کے لیے اِنہیں دھوپ سے دور رکھیں اور ٹھنڈے لیکن ہوادار مقام پر رکھیں۔
عموماً پیاز اور آلوؤں کو ایک ساتھ محفوظ کیا جاتا ہے جبکہ ایسا کرنے سے بھی اِن کے استعمال کرنے کی مدت میں کمی آتی ہے، پیاز کو طویل مدت تک محفوظ رکھنے کے لیے اس بات کو یقینی بنائیں کہ اِنہیں آلو یا کسی بھی اور سبزی سے دور محفوظ کریں۔
پیاز کو زیادہ دیر تک محفوظ رکھنے کے لیے اِنہیں تھیلی سے نکال کر رکھنا چاہیے۔
کچن ایکسپرٹس کی جانب سے پیاز کو پلاسٹک کے تھیلے سے نکالنے کا بھی مشورہ دیا جاتا ہے، ماہرین کے مطابق جس میں پیاز خریدے جاتے ہیں اِنہیں ان تھیلوں سے نکال کر ہوادار ٹوکری میں رکھنا سود مند ثابت ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر آپ کے پاس ٹوکری یا کاغذ سے بنا بیگ نہیں ہے اور پیاز کو طویل مدت تک محفوظ رکھنا چاہتے ہیں تو جالی یا جالی والے شاپروں کو ترجیح دیں، یا شاپروں میں خود سے سوراخ کر لیں، ان میں بھی نمی کم اور ہوا کا زیادہ گزر ہوتا ہے۔
کچن ایکسپرٹس کا مزید کہنا ہے کہ اگر پیازوں کو 1 سے 10 ڈگری سیلسیس کے درمیانی درجہ حرارت پر ذخیرہ کیا جائے تو بھی وہ ایک سال تک محفوظ رہ سکتے ہیں۔