
ایشیا کپ کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیپال کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگ کا آغاز کیا ہے۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پچ دیکھنے میں اچھی لگ رہی ہے، ہم اپنی کرکٹ انجوائے کریں گے۔
بابر اعظم نے کہا کہ ایشیا کپ میں اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔
اس موقع پر نیپال کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت پوڈیل نے کہا کہ ہم پہلی مرتبہ ایشیا کپ کھیل رہے ہیں۔
آج کے میچ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم میں امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد رضوان، سلمان علی آغا، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل ہیں۔
میچ شروع ہونے سے قبل ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کی افتتاحی تقریب بھی ہوئی جس کے دوران پاکستانی رنگ میں رنگے غبارے فضا میں چھوڑے گئے۔
تقریب میں پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ اور نیپالی گلوکارہ تریشالا گورونگ نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔