صحت سے متعلق بے شمار طبی فوائد کا حامل پھول مکھانہ کیا ہے؟

---فائل فوٹو
—فائل فوٹو 

غذائیت سے بھرپور غذا پھول مکھانے سے متعلق بہت کم افراد معلومات رکھتے ہیں، اِن سے متعلق جاننا اور بطور اسنیکس یا غذا اِن کا استعمال صحت کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔

مکھانوں کو فوکس نَٹس یا پھر لوٹَس سیڈز بھی کہا جاتا ہے، دراصل یہ گول مٹول سا سفید مکھانا کنول کے پھول کا بیج ہوتا ہے، اس لیے بھی اِسے پھول مکھانا کہا جاتا ہے۔

کیلشیم اور فائبر سے بھرپور پھول مکھانے جسم میں پیدا ہونے والے بُرے کولیسٹرول سے نجات دلاتے ہیں اور دل کو مضبوط اور صحت مند بناتے ہیں۔

غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ پھول مکھانوں کا روزانہ کی بنیاد پر استعمال کر کے صحت سے متعلق بے شمار طبی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

پھول مکھانہ کیا ہے؟

پھول مکھانہ کنول کے پودے کا بیج ہے، اس کا پودا تالابوں میں پانی کے نیچے پیدا ہوتا ہے، اس کے پھول اور پتے نیلوفر کے پھولوں اور پتوں سے مشابہت رکھتے ہیں اور ان کی جڑ چھوٹے مکھانے کے برابر ہوتی ہے۔ 

پھول مکھانہ اور غذائیت 

غذائی ماہرین کے مطابق پھول مکھانہ میں کاربوہائیڈریٹ کی موجودگی سمیت پروٹین، فائبر، میگنیشیم، پوٹاشیم، کیلشیم، آئرن، فاسفورس اچھی مقدار میں موجود ہوتا ہے جو کہ صحت مند زندگی کے لیے بہت ضروری ہے۔

اسی طرح مکھانوں میں کیلوریز اور چکنائی کم ہونے سمیت یہ گلوٹین سے پاک ہوتے ہیں جو اِنہیں صحت مند اور غذائیت سے بھرپور ناشتہ بناتا ہے۔

پھول مکھانہ کے استعمال سے صحت پر حاصل ہونے والے طبی فوائد:

وزن میں کمی کا ذریعہ 

پھول مکھانہ کے استعمال سے جہاں کیلشیم اور آئرن کی مناسب مقدار حاصل کی جا سکتی ہے وہیں یہ وزن میں کمی کا سبب بھی بنتا ہے۔

پھول مکھانوں میں کیلوریز کی مقدار بہت کم اور پروٹین کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے جس کی وجہ سے اسے کھا کر پیٹ کافی دیر تک بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے، بھوک کم لگتی ہے اور اضافی وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

اینٹی آکسیڈنٹ کا ذریعہ 

انسانی جسم میں اینٹی آکسیڈنٹس بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں، یہ انفیکشن سے بچانے سمیت بہت سی متعدد بیماریوں کے جرثوموں کا بھی خاتمہ کرتے ہیں۔

تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اینٹی آکسیڈنٹ دل کی صحت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، یہ دل کی بیماریوں، ٹائپ 2 ذیابطیس اور کینسر سے محفوظ رکھتے ہیں اور پھول مکھانے اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور غذا ہے۔

ہائی اور منفی کولیسٹرول لیول کا علاج 

مکھانوں میں کولیسٹرول کی نہایت کم مقدار پائی جاتی ہے، اس میں فیٹ اور سوڈیم بھی بہت کم ہوتا ہے جو اسے ایک صحت بخش غذا بناتا ہے، یہی وجہ ہے کہ مکھانوں کے استعمال سے جسم میں کولیسٹرول بڑھنے کے بجائے کم ہوتا ہے۔

دل کی صحت کے مفید اسنیک

فائبر سے بھرپور مکھانہ ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے  بے حد مفید ہے، مکھانوں میں میگنیشیم کی مقدار زیادہ جبکہ سوڈیم کی مقدار نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے، اس لیے مکھانوں کا استعمال دل کی صحت کے لیے بہترین قرار دیا جاتا ہے۔

شوگر کے مریضوں کے لیے مفید

مکھانوں میں گلائیسیمکس انڈیکس (کاربوہائیڈریٹ پر مشتمل کھانے کی درجہ بندی کا نظام) بہت کم ہوتا ہے اس لیے یہ شوگر کے مریض بھی بے فکر ہو کر کھا سکتے ہیں۔

ماہرینِ صحت و غذا بھی شوگر کے مریضوں کو پھول مکھانے کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔



اپنی رائے کا اظہار کریں