انڈر 16 فٹبال ٹیم کو بھوٹان جانے کیلئے اسپورٹس بورڈ کی ہاں مل گئی

انڈر 16 فٹبال ٹیم کو بھوٹان جانے کیلئے اسپورٹس بورڈ کی ہاں مل گئی

ناں ناں کرتے پاکستان انڈر 16 فٹبال ٹیم کو بھوٹان جانے کیلئے اسپورٹس بورڈ کی ہاں مل گئی۔ 

منگل کو رات گئے وزارت خارجہ اور داخلہ نے این او سی جاری کیا تو جمعرات کو اسپورٹس بورڈ نے بھی ٹیم کو کلیئرنس دیدی ہے۔ ساف حکام نے پاکستان کی سہولیت کیلئے ٹورنامنٹ کا آغاز ایک روز آگے بڑھا دیا۔

پاکستان انڈر 16 فٹبال ٹیم کو ساف چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے منگل کو بھوٹان روانہ ہونا تھا مگر این او سی نہ ملنے کی وجہ سے ٹیم نہ جاسکی۔

مسلسل تاخیر کے بعد گزشتہ روز پی ایف ایف نے کہا تھا کہ وہ ٹورنامنٹ سے دستبردار ہورہے ہیں تاہم سابقہ حکومت کی معاون خصوصی شزا فاطمہ کی مداخلت کے بعد وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ نے رات گئے ٹیم کیلئے این او سی جاری کیا، پھر بدھ کو آئی پی سی اور اسپورٹس بورڈ نے بھی کلیئرنس دیدی۔ 

پی ایف ایف نے فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں شرکت کا اعلان کیا اور ٹیم اب تاخیر سے جمعرات کو علی الصبح لاہور سے بھوٹان روانہ ہوگی۔

دوسری جانب ساف حکام نے پاکستان ٹیم کی سہولت کیلئے ٹورنامنٹ میں ایک روز آرام کم کرکے اس کا افتتاح ایک روز کیلئے آگے بڑھا دیا ہے۔ اب پاکستان یکم اور 3 ستمبر کی بجائے 2 اور 4 ستمبر کو میچز کھیلے گی۔ ٹورنامنٹ 2 سے 10 ستمبر تک جاری رہے گا۔



اپنی رائے کا اظہار کریں