
نگراں وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ ہماری 50 فیصد معیشت ڈاکومنٹڈ نہیں ہے، ملکی معیشت کی مکمل ڈاکومنٹیشن کی ضرورت ہے۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر تجارت نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ہمارے پاس پراڈکٹس نہیں، ہم نے ایکسپورٹ کلچر متعارف ہی نہیں کرایا، ہمارا ملک 25 کروڑ آبادی کا ہے اور ہماری ایکسپورٹ 27 ارب ڈالر ہے۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ ہمارے پاس ڈالرز کی کمی ہے، ہمیں اپنی ایکسپورٹس بڑھانا ہوں گی، 2022 میں 28 ارب کی ترسیلات زر اور 30 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ تھیں، ہمیں اب ایکسپورٹ 80 ارب ڈالرز تک لے کرجانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماربل، معدنیات، لیدر، فرنیچر ہرچیز ہمیں دنیا میں بیچنی ہے، ہمیں اپنا مال دنیا میں بیچنا پڑے گا، اپنی صنعتوں کو ایکسپورٹ کی طرف موڑنا ہے۔
نگراں وزیر تجارت نے کہا کہ ڈالر 315 روپے کا ہوگیا ہے، آج ہم 100 فیصد امپورٹ کررہے ہیں، ہمیں پاکستانی چیزوں کی طرف آنا ہوگا۔ معاشرے میں بہت تکالیف ہیں لیکن پریشان نہیں ہونا۔
انہوں نے کہا کہ 80 ارب ڈالر خرچ کرنے کی بجائے ایکسپورٹ 80 ارب ڈالر تک لے جانا ہے، ایکسپورٹ کا اسٹریجک پلان دے کر جاؤں گا۔