بھارت کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے کے لیے شائقین کا انتظار ختم ہوگیا۔

پالی کیلے اسٹیڈیم میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹاس جیت کر ہم بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے، ایونٹ میں ٹاپ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

اس موقع پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ اچھا اسکور کر کے پاکستان پر دباؤ بڑھائیں گے۔

بھارت کے خلاف آج بابر اعظم، شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، افتخار احمد، محمد رضوان، محمد نواز، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف میچ کھیلیں گے۔

بھارت کی ٹیم میں آج کے میچ کے لیے روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، ایشان کشن، شریاس ائیر، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، شردل ٹھاکر، جسپرت بمراہ، محمد سراج اور کلدیپ یادیو شامل ہیں۔

آج کے میچ سے متعلق جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ اس میچ میں پاکستان ٹیم مضبوط ہے۔

اسی پروگرام میں سابق کرکٹر سکندر بخت نے کہا کہ بھارت کی ٹیم تذبذب کا شکار ہے، پلیئنگ کنڈیشنز کو دیکھ کر کپتان آخری لمحات میں کچھ فیصلے لیتے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان ٹیم کے سابق وکٹ کیپر معین خان نے کہا کہ اس کنڈیشنز میں اگر پاکستان پہلے بولنگ کرے تو فائدہ ہوگا، بڑا میچ ہے اور موسم کی وجہ سے کپتان اپنے منصوبے میں تھوڑی تبدیلی کرتے ہیں۔

اس پروگرام میں سابق بھارتی کرکٹر کپل دیو نے کہا کہ دونوں ٹیمیں اچھی ہیں۔



اپنی رائے کا اظہار کریں