سلمان علی آغا قذافی اسٹیڈیم میں پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے کیلئے پرجوش

سلمان علی آغا قذافی اسٹیڈیم میں پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے کیلئے پرجوش

قومی آل راؤنڈر سلمان علی آغا قذافی اسٹیڈیم میں اپنا پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے کےلیے پرجوش ہیں۔

جیو نیوز سے گفتگو میں سلمان علی آغا نے کہا کہ میں لاہور میں اپنا پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلنے کا منتظر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہوم کراؤڈ کے سامنے انٹرنیشنل میچ کھیلنا ہمیشہ سے ایک خواب رہا ہے۔

آل راؤنڈر نے مزید کہا کہ میرے گھر والے اور دوست مجھے اپنے سامنے کھیلتا دیکھنا چاہتے ہیں اور وہ ٹکٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قذافی اسٹیڈیم میں میرا پہلا میچ انڈر 16 ٹورنامنٹ کا فائنل تھا اور اس وقت میں نے خود سے وعدہ کیا تھا کہ میں سخت محنت کروں گا اور یہاں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلوں گا۔

سلمان علی آغا نے یہ بھی کہا کہ میری پہلی فرسٹ کلاس اور لسٹ اے کی سنچریاں قذافی سٹیڈیم میں ہیں، مڈل آرڈر میں کھیلنا مشکل ہے لیکن ڈومیسٹک کرکٹ کا میرا تجربہ میری مدد کا کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میرا پہلا میچ کھیلتے ہوئے اعصاب شکن تھے لیکن یہ بہت اچھا تجربہ رہا، میچ کی خاص بات شاہین آفریدی کی بولنگ تھی۔

قومی آل راؤنڈر نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں خود کو بہتر کرتے رہنا بہت ضروری ہے،کوشش کر رہا ہوں کہ خود کو بہتر کرتا رہوں اور ٹیم کے تقاضوں کے مطابق مثبت کرکٹ کھیلوں۔



اپنی رائے کا اظہار کریں