پاک بھارت ٹاکرے سے قبل بابر اعظم نے پریس کانفرنس میں کیا کہا؟

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ موسم کی وجہ سے پریشانی نہیں، بظاہر لگتا ہے اب بارش نہیں ہوگی۔

کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ہم مسلسل کرکٹ کھیل رہے ہیں اور ہمارا فوکس میچ پر ہے، مسلسل کھیل رہے ہیں اور ٹریول بھی بہت کیا، کھیل میں ایسا ہوتا ہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ کھلاڑیوں کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے، سفر کا ہمیں پتا تھا، ہمیں یہاں کھیلنے کا فائدہ ہوسکتا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ جو کھلاڑی منتخب کیے ہیں وہ بہترین ہیں، سلیکشن کے معاملے پر مشکل کا شکار نہیں ہوتے۔

بابر اعظم نے کہا کہ ہمارا فوکس اکٹھے رہنے، میچز اور ٹورنامنٹ جیتنے پر ہوتا ہے، ورلڈ کپ کے لیے ایشیا کپ کو دیکھ رہے ہیں، ہم اپنا اسکواڈ تقریباً بنا چکے ہیں اور ٹیم کی بہتری کے لیے سب کام کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پلیئرز کے دل ٹوٹنے والی بات نہیں، جو بھی منتخب ہوں گے وہ بہترین ہی ہوں گے، میچز اور ٹورنامنٹ فاسٹ بولرز جتواتے ہیں اور مجھے ان پر یقین ہے، ہر میچ میں ہر کوئی پرفارم نہیں کرسکتا۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں کل پاک بھارت میچ کولمبو میں شیڈول ہے۔



اپنی رائے کا اظہار کریں