میں تو پاکستانیوں کیلئے ’محکمۂ موسمیات کا کُکڑ‘ بن گیا ہوں، وسیم اکرم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم ایشیا کپ کے دوران پاکستانیوں کے لیے محکمۂ موسمیات کا کردار ادا کررہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر وسیم اکرم نے اپنی مختصر ویڈیو شیئر کی اور پاک بھارت ٹاکرے کے دوران بارش سے میچ کے ریزرو ڈے پر مکمل ہونے کے حوالے سے بات کی۔

ویڈیو کے آغاز میں وسیم اکرم نے سلام اور گڈ مارننگ کہا اور پھر مذاق میں کہا کہ میں تو پاکستانیوں کے لیے ’محمکمہ موسمیات کا کُکڑ‘ ہی بن گیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کولمبو میں رات بھر بارش ہوتی رہی اور کبھی تھمتی بھی رہی، ابھی بھی آسمان پر کالے بادل ہیں اور ہوائیں چل رہی ہیں۔

سابق فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ ابھی تو موسم قدرِ بہتر ہے لیکن میچ شروع ہونے کے بعد کیا تبدیلی آتی ہے اس حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔

وسیم اکرم نے یہ بھی کہا کہ ہم موسم کا تو کچھ نہیں کر سکتے ہاں لیکن میچ مکمل ہونے کی دعا ضرور کرسکتے ہیں تاکہ ایک اچھا میچ انجوائے کر سکیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ کے سُپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے اہم میچ کو مسلسل بارش اور گراؤنڈ فیلڈ خراب ہونے کی وجہ سے معطل کر کے ریزرو ڈے پر منتقل کر دیا گیا تھا۔

ریزرو ڈے پر آج وہیں سے کھیل شروع ہو گا جہاں گزشتہ روز ختم ہوا تھا۔



اپنی رائے کا اظہار کریں