امریکی جیل سے فرار ہونے والا خطرناک قیدی 2 ہفتے بعد پکڑا گیا

فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

امریکا کی ریاست پنسلوینیا کی جیل سے فرار ہونے والے خطرناک قیدی کو بالآخر 2 ہفتے بعد پکڑ لیا گیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جیل سے فرار کے بعد سے پولیس کے سراغ رساں کتوں، ڈرونز، ہیلی کاپٹرز اور اسپیشل فورس کے اہلکاروں کو چکما دینےوالے اور برازیل سے تعلق رکھنے والے قیدی ڈینیلو کیولکانٹے کو اس مرتبہ پولیس کے کتے نے ہی دبوچ لیا۔

رپورٹس کے مطابق قیدی کو ریاست پنسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا سے پولیس کی بھاری نفری نے دوبارہ حراست میں لیا اور اس دوران اس نے چوری کی ہوئی شرٹ پہن رکھی تھی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق برازیل سے تعلق رکھنے والا قیدی ڈینیلو کیولکانٹے قتل کے جرم کی سزا کے طور پر جیل میں قید تھا اور 2 ہفتے قبل فرار کے دوران وہ پولیس کے سراغ رساں کتوں، ڈرونز، ہیلی کاپٹرز اور اسپیشل فورس کے اہلکاروں کو چکما دینے میں کامیاب ہوا تھا۔

امریکی پولیس کے مطابق برازیلین شہری کو حال ہی میں 2021 میں اپنی خاتون دوست کو اس کے بچوں کے سامنے درجنوں بار چھرا گھونپ کر قتل کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی اور وہ برازیل میں بھی قتل کے الزام میں بھی مطلوب ہے۔

رپورٹس کے مطابق مقامی پولیس کی جانب سے اس قیدی کو انتہائی خطرناک قرار دیا گیا تھا۔



اپنی رائے کا اظہار کریں