خواتین کو کوڑے مارنیوالے سابقہ ٹی ٹی پی گروپ کا دہشتگرد ہلاک

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

سوات میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں سابقہ تحریکِ طالبان سوات کا خواتین کو کوڑے مارنے والے گروپ کا دہشت گرد کمانڈر ہلاک ہو گیا۔

7 ستمبر کو خفیہ اطلاعات پر پاک فوج اور سی ٹی ڈی نے فضاگٹ سوات میں آپریشن کیا تھا جس میں نیک محمد عرف نیکو عرف عمر ہلاک ہوا تھا۔

ہلاک دہشت گرد کمانڈر سابقہ تحریک طالبان سوات کے سربراہ ملا فضل اللّٰہ کا قریبی ساتھی تھا اور سوات کی کوڑے مارنے والی ٹیم کا سربراہ تھا۔

دہشت گرد کمانڈر سوات میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف درجنوں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں بھی ملوث تھا۔

سوات میں آپریشن راہِ راست کے بعد دہشت گرد کمانڈر نیک محمد اپنے خاندان کے ساتھ افغانستان فرار ہو گیا تھا اور اس سال کے اوائل میں وہ چھپ کر واپس سوات پہنچا اور پولیس کی ٹارگٹ کلنگ شروع کی۔

دہشت گرد کمانڈر نیک محمد نے ٹی ٹی پی کے لیے بھتہ بھی وصول کرنا شروع کر دیا تھا۔

جون 2023ء میں دہشت گرد کمانڈر نے مینگورہ سبزی منڈی کے قریب 2 پولیس کانسٹیبلز کو بے دردی سے نشانہ بنایا تھا۔



اپنی رائے کا اظہار کریں