امریکی خاتون مچھلی کھانے کے بعد ہاتھوں اور ٹانگوں سے محروم ہو گئی

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکا میں ایک خاتون مچھلی کھانے کے بعد اپنے دونوں ہاتھوں اور ٹانگوں سے محروم ہوگئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اپنے چاروں اعضاء سے اس وقت محروم ہوگئی جب اس نے مبینہ طور پر کم پکی ہوئی تلاپیا مچھلی کا استعمال کیا، یہ مچھلی مہلک بیکٹیریل انفیکشن سے آلودہ تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 40 سالہ خاتون کی دوست کے مطابق گزشتہ ایک ماہ سے متاثرہ خاتون مقامی اسپتال میں زیر علاج ہے اور حال ہی میں ان کی سرجری کی گئی ہے۔

متاثرہ خاتون کی دوست کے مطابق خاتون نے مچھلی مقامی مارکیٹ سے خریدی تھی اور گھر میں پکائی تھی اسے کھانے کے بعد خاتون کی حالت غیر ہوگئی اور موت کے منہ میں چلی گئی تھی۔

انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ ڈاکٹرز نے متاثرہ خاتون کی بگڑتی ہوئی حالت کے پیش نظر اسے کوما میں ڈال دیا تھا کیونکہ اس کے دونوں ہاتھ، ٹانگیں ، ہونٹ کالے ہوچکے تھے جبکہ دونوں گردے فیل ہو رہے تھے۔

خاتون کی دوست کے مطابق متاثرہ خاتون Vibrio vulnificus نامی مہلک بیکٹیریل انفیکشن کی زد میں آگئی تھی جو کچی سمندری غذا یا پانی میں پایا جاتا ہے۔ اس سے محفوظ رہنے کے لئے ضروری ہے کہ سمندری غذا کو اچھی طرح صاف کرکے اور مکمل طور پر پکاکر کھایا جائے۔



اپنی رائے کا اظہار کریں