سکھ رہنما کا قتل، کینیڈا کا بھارتی سفارتکار کو ملک چھوڑنے کا حکم

اسکرین گریب
اسکرین گریب

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے خدشہ کا اظہار کردیا، بھارتی سفارتکار کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا ہے۔

وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈین انٹیلی جنس نے ہردیپ کی موت اور بھارتی حکومت کے درمیان تعلق کی نشاندہی کی ہے، یہ معاملہ جی 20 سمٹ میں بھارتی وزیراعظم مودی کے ساتھ اٹھایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈین سرزمین پر شہری کے قتل میں غیر ملکی حکومت کا ملوث ہونا ہماری خود مختاری کیخلاف ہے۔

علاوہ ازیں کینیڈین وزیر خارجہ نے اس بات  کی تصدیق کی ہے کہ بھارتی سفارتکار کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا ہے۔

واضح رہے کہ خالصتان کے حامی سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو کینیڈا میں 18 جون کو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔

ہردیپ سنگھ کے قتل کے خلاف سکھوں نے لندن سمیت دنیا بھر میں مظاہرے بھی کیے تھے۔



اپنی رائے کا اظہار کریں