ورلڈکپ، قومی اسکواڈ میں 3 اضافی کھلاڑیوں کو شامل کرنیکا امکان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

آئی سی سی ورلڈ کپ اسکواڈ میں پاکستان ٹیم میں 3 اضافی کھلاڑیوں کو بھی شامل کرنے کا امکان ہے۔

بھارت 5 اکتوبر سے کرکٹ کی دنیا کے سب سے بڑے میلے ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے جارہا ہے، اس ایونٹ کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے تاحال حتمی ناموں کا اعلان نہیں کیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے 15 نام جمع کروانے کی آخری تاریخ 28 ستمبر 2023ء ہے اور اسی حوالے سے آئندہ چند روز میں پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان متوقع ہے۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ قومی ٹیم کا اسکواڈ 30 سے 32 افراد پر مشتمل ہوگا، آئی سی سی کے قواعد کے مطابق 23 افراد کے اخراجات وہ برادشت کرنے کا پابند ہوگا جبکہ باقی افراد کے اخراجات پی سی بی کے ذمے ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق ٹیم کے 15 کھلاڑیوں کے ساتھ 3 اضافی کھلاڑی بھی سفر کریں گے تاہم یہ کھلاڑی سلیکشن کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے اور ٹیم کا انتخاب کرتے وقت صرف پندرہ نام ہی زیر غور آئیں گے۔

البتہ کسی انجری کی صورت میں آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی ان ناموں میں سے کسی کو ٹیم میں شامل کرنے کی اجازت دے سکے گی۔

پی سی بی ترجمان کے مطابق 3 اضافی کھلاڑی قومی ٹیم کے ساتھ پریکٹس تو کرسکتے ہیں البتہ میچ والے دن وہ ہوٹل میں رہیں گے اور انہیں ڈریسنگ روم تک رسائی کی اجازت نہیں ہوگی۔



اپنی رائے کا اظہار کریں