آئی سی سی نے ورلڈکپ میچز کیلئے گراؤنڈز سے متعلق ہدایات جاری کردیں

فائل فوٹو
فائل فوٹو

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈکپ میچز میں ٹاس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔

ورلڈکپ 2023ء کا آغاز اگلے ماہ کی 5 تاریخ سے بھارت میں ہونے جارہا ہے جس کے لیے کافی عرصے سے تیاریاں کی جارہی ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی نے میچز میں ٹاس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے کیوریٹرز کو کچھ نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹورنامنٹ کے دوران بھارت میں اوس پڑنے کے امکانات ہیں، اس لیے آئی سی سی نے تمام اسٹیڈیمز کے کیوریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیمرز کی مدد کے لیے پچز پر زیادہ گھاس چھوڑ دیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 2021ء میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ میں بھی اوس پڑی تھی جس کی وجہ سے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو زیادہ فائدہ ہوا تھا۔

بھارتی پچز عاموماََ اسپنرز کے لیے زیادہ سازگار ہوتی ہیں مگر آئی سی سی نے کیوریٹرز کو پچز پر زیادہ سے زیادہ گھاس چھوڑنے کی ہدایات جاری کی ہیں  تاکہ فاسٹ بولرز کو بھی کھیل میں رہنے کا موقع ملے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، آئی سی سی نے بیٹنگ اور بولنگ کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے لیے یہ تجویز بھی دی ہے کہ اسٹیڈیم میں باؤنڈری کا سائز بڑا ہونا چاہیے، اس لیے ورلڈ کپ میچز کے لیے اسٹیڈیمز کو باؤنڈری سائز تقریباً 70 میٹر رکھنے کے لیے کہا گیا ہے۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل میچز میں باؤنڈری سائز کم سے کم 65 میٹرز جب کہ زیادہ سے زیادہ 85 میٹرز ہوتا ہے۔



اپنی رائے کا اظہار کریں