فرنچائزز کے بے حد اصرار پر پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اہم اجلاس طلب

فرنچائزز کے بے حد اصرار پر پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اہم اجلاس طلب

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) گورننگ کونسل کا اہم اجلاس 25 ستمبر کو طلب کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کونسل کا اجلاس فرنچائزز کے بے حد اصرار پر بلایا جا رہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف کی سربراہی میں پہلا اجلاس ہوا، پی ایس ایل فرنچائز آنرز ایونٹ کے معاملات سست روی کا شکار ہونے کی وجہ سے نالاں ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 8 کا حساب کتاب بھی نہ دیے جانے پر فرنچائزز ناخوش ہیں، پی ایس ایل ہیڈ کی تقرری میں بھی مالکان سے صلاح و مشورہ نہیں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کی ونڈو فروری یا مارچ میں ہے، ایونٹ کی تاریخوں کےلیے فرنچائزز سے رابطہ بھی نہیں کیا گیا ہے۔

ایمریٹس اور ساؤتھ افریقا کی لیگز کی وجہ سے پی ایس ایل فرنچائز مشکلات کا شکار ہیں جبکہ غیر ملکی کرکٹرز کی دوسری لیگز کے ساتھ رجسٹریشن بھی پریشانی کی وجہ ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 9 کے وینیو کی تبدیلی کے بھی پی سی بی سے اشارے ملنے لگے ہیں، متوقع الیکشن اور مقامی انتظامی اخراجات کے باعث بورڈ ایونٹ دبئی میں کرانے کا سوچ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق فرنچائز مالکان پی ایس ایل کے وینیو کی تبدیلی کے حق میں نہیں، ان کا موقف ہے کہ ایونٹ کو بہت ہی مشکل سے پاکستان لائے ہیں، اب دوبارہ اسے باہر لے جانا نقصان دہ ہوگا۔

فرنچائز مالکان نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے بڑے بڑے معاہدے ہونا ہیں جو کہ ایک چیلنج ہے، چیلنجز کو نبٹنے کے معاملات کو سسست روی سے چلایا جا رہا ہے، جو پریشان کن ہے۔



اپنی رائے کا اظہار کریں