پی ایس ایل 9 میں کسی نئی ٹیم کا اضافہ نہیں ہوگا، پی سی بی

پی ایس ایل 9 میں کسی نئی ٹیم کا اضافہ نہیں ہوگا، پی سی بی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 9 میں کسی نئی ٹیم کا اضافہ نہیں کیا جارہا، ایونٹ میں 6 ہی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ 

لاہور میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی زیر صدارت پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس ہوا جس میں پی ایس ایل کے مختلف امور زیر بحث آئے۔

پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 9 میں 6 ٹیمیں ہی شرکت کریں گی، آنے والے پی ایس ایل کے سیزن میں کسی نئی ٹیم کا اضافہ نہیں ہوگا۔

کرکٹ بورڈ کے مطابق ویمن کرکٹ کی پروموشن کےلیے پی ایس ایل کے دوران ویمنز لیگ یا نمائشی میچوں کے مواقع تلاش کیے جائیں گے۔

پی ایس ایل نائن 8 فروری سے 24 مارچ تک منعقد ہوگا، ایونٹ کے فائنل شیڈول کی منظوری پی ایس ایل کے اگلے اجلاس میں دی جائے گی۔

اجلاس میں پی ایس ایل 9 کے ڈیجیٹل میڈیا رائٹس اور دوسرے کمرشل ٹینڈرز کے عمل پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ اجلاس میں پی ایس ایل کے گزشتہ ایونٹ کی رپورٹ فرنچائزز کو پیش کی گئی۔

اجلاس میں ملتان سلطانز کے سابقہ مالک عالمگیر ترین کی خدمات کو سراہا گیا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشنز یا کسی دوسری وجہ سے پی ایس ایل کو دبئی منتقل نہیں کیا جائے گا، تمام فرنچائزز نے پی ایس ایل کہیں اور منتقل نہ کرنے پر اتفاق کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ انتخابات کی وجہ سے اگر میچز متاثر ہونے کا خدشہ ہوا تو پی ایس ایل شیڈول کو تبدیل کیا جائے گا۔



اپنی رائے کا اظہار کریں