سکھ تنظیموں کا امریکا، کینیڈا میں بھارتی سفارتی مشنز کے سامنے مظاہروں کا اعلان

فائل فوٹو
فائل فوٹو

سکھ تنظیموں نے امریکا اور کینیڈا میں بھارتی سفارتی مشن کے سامنے مظاہروں کا اعلان کردیا۔ 

غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا کے سکھ فار جسٹس گروپ کی جانب سے بھارتی سفارتی مشنز کے سامنے مظاہروں کا اعلان کیا گیا۔ 

خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے سکھ فار جسٹس گروپ کے سربراہ جیتندر سنگھ گریوال کا کہنا تھا کہ اوٹاوا، ٹورنٹو، وینکوور میں بھارتی سفارتخانے اور قونصل خانوں کے سامنے آج احتجاج کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ احتجاج ہردیب سنگھ قتل کے بارے میں عوامی آگاہی بڑھانے کےلیے کیا جائے گا، حکومت سے مطالبہ ہے کہ بھارتی سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔

خبر ایجنسی کے مطابق کینیڈین حکام اور بھارتی سفارتی مشن سے خبر پر ردعمل کےلیے رابطہ نہیں ہوا۔

دوسری جانب امریکی ریاست کیلیفورنیا میں گوردوارہ صاحب کے جنرل سیکریٹری امرجیت سنگھ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ کینیڈین وزیراعظم نے ہردیپ سنگھ قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سکھوں کے حقوق کی پُرامن تحریک چلانے والے کو بھارتی حکومت نے قتل کیا ہے۔

امرجیت سنگھ کا کہنا تھا کہ بھارتی دہشت گردی کے خلاف بھارتی قونصل خانے کے سامنے آج احتجاج کیا جائے گا۔



اپنی رائے کا اظہار کریں