دو خواتین ایتھلیٹس کو چین جانے سے روک دیا گیا

خواتین ایتھلیٹس صاحب اسرا (دائیں)، عروج کرن (بائیں)
خواتین ایتھلیٹس صاحب اسرا (دائیں)، عروج کرن (بائیں)

ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے ڈوپ ٹیسٹ کے نتائج نہ ملنے کی بنیاد پر دو خواتین ایتھلیٹس صاحب اسرا اور عروج کرن کو ایشین گیمز میں شرکت کیلئے چین روانگی سے روک دیا ہے ۔

صاحب اسرا کو ایشین گیمز میں 400 میٹرز جبکہ عروج کرن کو 100 میٹرز کے مقابلوں میں شرکت کرنا تھی لیکن اب ان کی ایونٹس میں شرکت غیر یقینی ہوگئی ہے۔ دونوں کو منگل کی شام اسلام آباد سے روانہ ہونا تھا تاہم انہیں روانگی سے روک دیا گیا ہے۔

ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ دونوں کی روانگی ڈوپ ٹیسٹ کے رزلٹ کے بعد ہوگی، امید ہے ایونٹ سے قبل نتائج آجائیں گے۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ نے تین ہفتے قبل صاحب اسرا اور عروج کرن سمیت 33 کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ لئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کو اینٹی ڈوپنگ ایجنسی آف پاکستان (اے ڈی او پی) کی سفارش پر روکا گیا ہے، تاہم اے ڈی او پی کی ڈاکٹر قراۃ نے ایسی کسی سفارش کی تردید کی ہے۔ 

ایتھلیٹ صاحب اسرا اور عروج کرن نےصورتحال پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ 

جیو نیوز کو بھیجے گئے خصوصی وڈیو بیان میں صاحب اسرا نے کہا کہ دنیا میں ایسا کہیں نہیں ہوتا کہ رزلٹ کے انتظار میں پلیئر کو ایونٹ میں شرکت سے روک دیا جائے۔



اپنی رائے کا اظہار کریں