باتوں پر نہیں، عملی خدمات پر یقین رکھتے ہیں: نواز شریف

اسکرین گریب
اسکرین گریب

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ باتوں پر نہیں، عملی خدمات پر یقین رکھتے ہیں، یہی ہمارا نصب العین ہے۔

مری میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں سے ملاقات کر کے خوشی ہو رہی ہے، میرا مری کے بھائیوں، دوستوں اور کارکنوں سے مضبوط رشتہ ہے، مری میرا دوسرا گھر ہے۔

نواز شریف کا کہنا ہے کہ دن رات محنت کر کے بجلی کے منصوبے لگائے اور مکمل کیے، 11 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں ہم نے شامل کی، ہم نے اپنے دور میں بجلی کے متعدد منصوبے لگا کر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں جھوٹ نہیں بولتا، انسانوں کے ساتھ غلط سلوک کو اللّٰہ تعالیٰ معاف نہیں کرتا، پہلی بار ہم سندھ میں کوئلے کے ذخائر کو استعمال میں لائے، کوئلہ ملکی پیداوار ہے، جس سے ہزاروں میگا واٹ بجلی بنائی جا سکتی ہے۔

سابق وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ ہمارے دور کے بعد کس قسم کا دور تھا، ملک کا کلچر تباہ ہو گیا، جب میں وزیرِ اعظم تھا تو ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، پاکستان گرے لسٹ میں تھا، ہم وائٹ لسٹ پر لائے، نواز شریف کے خلاف کچھ نہیں ملا تو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کر دو، ملک کے وزیرِ اعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر فارغ کر دیا گیا، یہ مثال ہے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ ہم نے قلیل مدت میں بجلی کے متعدد منصوبے لگا کر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، عوام کو سبز باغ دکھانے کے بجائے عملی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، حقوق اللّٰہ معاف ہو سکتے ہیں، حقوق العباد نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کس نے ملک کو اس حال پر پہنچایا، قصے کہانیاں تو آپ سن ہی رہے ہیں، یہ کردار تھے ان لوگوں کے، ہنستے بستے ملک کو ہم نے خود اجاڑا ہے، اپنے ہاتھوں سے اجاڑا ہے، ہم سبق نہیں سیکھتے، اللّٰہ کرے کہ ہم اپنی اصلاح کریں، غلطیوں سے سیکھ کر مستقبل ٹھیک کریں، میں کسی عہدے کی لالچ میں یہ بات نہیں کر رہا، اللّٰہ تعالیٰ نے بہت کچھ عطاء فرمایا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ امریکی صدر نے ایٹمی دھماکے نہ کرنے کے لیے 5 ارب ڈالر کی پیش کش کی، جس کو ٹھکرا دیا، میں نے اپنے ضمیر کا سودا نہیں کیا، ہمارے دور میں ڈالر104، روٹی 4 روپے اور سبزی 10روپے کلو تھی، 25 ہزار روپے ماہانہ کمانے والا شخص آج گزرا کیسے کر سکتا ہے، ہم نے آئی ایم ایف کو خیرباد کہا، کسی سے ایک دھیلا نہیں مانگا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے دور کی ترقی کی رفتار ایسے ہی جاری رہتی تو اندازہ کریں آج ملک کہاں ہوتا، دکھ اس بات کا ہے ملک کو اس نہج پر لانے پر ہم نے کوئی سبق نہیں سیکھا، 3 مرتبہ ملک کا وزیرِ اعظم بنا، کوئی لالچ نہیں۔

اللّٰہ نے موقع دیا تو مری کی تقدیر بدل دیں گے: مریم نواز

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کی خدمت اللّٰہ تعالیٰ نے نواز شریف سے لی، اللّٰہ نے موقع دیا تو مری کی تقدیر بدل دیں گے، 4 سال میاں صاحب کو ملک سے دور رہنا پڑا۔



اپنی رائے کا اظہار کریں