اسکول میں خواتین سے پرنسپل کی مبینہ زیادتی اور ہراسانی کی تحقیقات میں پیشرفت

اسکول میں خواتین سے پرنسپل کی مبینہ زیادتی اور ہراسانی کی تحقیقات میں پیشرفت

کراچی کے علاقے گلشن حدید کے اسکول میں خواتین سے پرنسپل کی مبینہ زیادتی اور ہراسانی کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے، دو متاثرہ خواتین نے پولیس سے رابطہ کرکے ابتدائی بیان قلم بند کروا دیا۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں خواتین کو کل عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا، دونوں متاثرہ خواتین کا عدالت کے سامنے بیان قلمبند کروایا جائے گا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پرنسپل کے گھر سے منشیات اور ممنوعہ ادویات برآمد  ہوئی ہیں جس کا مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمہ سب انسپکٹر کی مدعیت میں اسٹیل ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق تفتیشی پولیس کے اسکول پرنسپل کے گھر پر چھاپے کے دوران منشیات اور ممنوعہ ادویات برآمد کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ گلشن حدید میں خواتین سے زیادتی کے الزام میں گرفتار نجی اسکول کے پرنسپل کے خلاف اس سے قبل بھی مقدمہ درج ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سرکار کی مدعیت میں درج مقدمے میں اسکول کے مالک کو نامزد کیا گیا ہے۔



اپنی رائے کا اظہار کریں