بھارت، خاتون کا دوستی کے نام پر دھوکا، سافٹ ویئر انجینئر سے 1کروڑ روپے ہتھیا لیے

---فائل فوٹو
—فائل فوٹو 

بھارتی سافٹ ویئر انجینئر کو شادی کی سائٹ پر ملنے والی خاتون نے دھوکا دے کر ایک ماہ میں 1 کروڑ روپے سے زائد ہتھیا لیے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں پیسے ہتھیانے اور دھوکا دہی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، وقتاً فوقتاً لوگوں کی محنت کی کمائی کے لوٹے جانے کی کئی کہانیاں سامنے آ رہی ہیں۔

بھارتی میڈیا ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق احمد آباد میں مقیم ایک سافٹ ویئر انجینئر شادی سے متعلق ایک ویب سائٹ (میٹری مونئیل سائٹ)  پر ایک خاتون سے دوستی کے نتیجے میں تقریباً ایک ماہ میں ایک کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان کروا بیٹھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون دھوکا باز نکلی جس نے سافٹ ویئر انجینئر کو کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کرتے ہوئے اس کی ساری جمع ہتھیا لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گاندھی نگر میں ایک فرم کے ساتھ کام کرنے والے سافٹ ویئر انجینئر، کلدیپ پٹیل نے ہفتہ، 9 ستمبر کو سائبر کرائم سیل سے رابطہ کیا اور اپنی شکایت میں بتایا کہ اسے کرپٹو کرنسی سے متعلق دھوکا دیا گیا ہے جس کا شکار ہونے بعد اس کا ایک کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے۔

متاثرہ شخص کلدیپ پٹیل کے مطابق اس کی ملاقات جون میں ادیتی نامی خاتون سے شادی سے متعلق ایک ویب سائٹ پر ہوئی تھی۔

کلدیپ پٹیل کے مطابق ’ادیتی نے مجھے بتایا کہ اس کا برطانیہ میں امپورٹ اور ایکسپورٹ کا کاروبار ہے، ادیتی نے مجھے کہا کہ اچھا منافع حاصل کرنے کے لیے مجھے بھی ’بانوکوئن‘ میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔‘

کلدیپ پٹیل کے مطابق اس نے ادیتی پر یقین رکھتے ہوئے’بانوکوئن‘ کے کسٹمر کیئر کے نمائندے سے بات کی اور اس کے بعد اس نے خود کو ان کی ویب سائٹ پر رجسٹر کرایا اور اچھے منافع کی امید میں پیسہ لگانا شروع کر دیا، اس نے پہلے 1 لاکھ کی سرمایہ کاری کی اور اچھا منافع کمایا۔

کلدیپ پٹیل کے مطابق اس کے بعد اس نے مزید رقم کی سرمایہ کاری کی اور اگست کے مہینے میں متعدد بار لاکھوں میں انویسٹ کیا، جب 3 ستمبر کو اس نے اپنے اکاؤنٹ سے 2.59 لاکھ روپے نکالنے کی کوشش کی تو اسے بتایا گیا کہ اس کا اکاؤنٹ منجمد کر دیا گیا ہے۔

پٹیل کے مطابق اس نے پھر کسٹمر کیئر کے نمائندے سے رابطہ کیا جس سے اس نے پہلے بات کی تھی، کال پر اسے کہا گیا کہ وہ اپنا اکاؤنٹ ڈی فریز کرنے کے لیے مزید 35 لاکھ روپے کی اضافی سرمایہ کاری کرے۔

پٹیل کے مطابق اس صورتحال میں اُس نے ادیتی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو اس نے کوئی جواب نہیں دیا اور اسی وقت اسے احساس ہوا کہ اس کے ساتھ دھوکا ہوا ہے۔



اپنی رائے کا اظہار کریں