برطانیہ کا 2026ء تک خود کار گاڑیاں متعارف کرانے کا ارادہ

فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

برطانیہ کی سڑکوں پر جلد ہی خودکار گاڑیاں چلتی ہوئی دکھائی دے سکتی ہیں۔

برطانوی وزیرِ ٹرانسپورٹ مارک ہارپر نے اشارہ دیا ہے کہ ملک میں 2026ء کے آغاز تک خودکار گاڑیاں متعارف کروائی جا سکتی ہیں۔

یہاں اس بات کا ذکر کرنا اہم ہے کہ برطانیہ میں فی الحال خودکار گاڑیوں پر پابندی عائد ہے تاہم پارلیمنٹ میں اس حوالے سے قانون سازی زیرِ غور ہے جس کا مقصد 2024ء کے اختتام تک خودکار گاڑیوں کے لیے قانونی فریم ورک قائم کرنا ہے۔

مارک ہارپر نے برطانوی نشریاتی ادارے کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے اس ٹیکنالوجی کے بتدریج نفاذ کا خاکہ پیش کیا اور یہ توقع ظاہر کی کہ 2026ء تک بغیر ڈرائیور کے خود سے چلنے کی صلاحیت رکھنے والی گاڑیاں متعارف کروائی جائیں گی اور ابھی کمپنیاں ایسی گاڑیوں کو بتدریج مخصوص جگہوں پر تعینات کر رہی ہیں۔

برطانوی وزیرِ ٹرانسپورٹ نے خودکار گاڑیوں کے بارے میں لوگوں میں پائے جانے والے ممکنہ حادثات کے خدشات کے باوجود بھی اس ٹیکنالوجی کو متعارف کروانے پر زور دیا۔

اُنہوں نے کہا کہ میں نے خودکار گاڑیوں کے بارے میں اب تک جو کچھ بھی دیکھا اور جانا ہے وہ یہ ہے کہ اس ٹیکنالوجی کو بناتے ہوئے لوگوں کو محفوظ رکھنے پر بہت زیادہ توجہ دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ لوگوں کے ذہنوں میں خودکار گاڑیوں کے بارے میں خدشات امریکا کی سڑکوں پر ایسی گاڑیوں سے پیش آنے والےحادثات کے حالیہ واقعات کے بعد مزید بڑھ گئے ہیں۔



اپنی رائے کا اظہار کریں