امریکا، بیٹے کے ہوم ورک کی شکایت کیلئے بار بار اسکول فون کرنے والا گرفتار

فوٹو بشکریہ امریکی میڈیا
فوٹو بشکریہ امریکی میڈیا

امریکی شخص کو بیٹے کے ہوم ورک کے بارے میں اسکول کو مسلسل فون کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا کی ریاست اوہائیو سے تعلق رکھنے والا شخص بیٹے کے ہوم ورک کو لے کر بار بار اسکول اور پولیس کو ہوم ورک کی شکایت کے لیے فون کرتا تھا۔

رپورٹس کے مطابق ایڈم سائزمور نامی شخص اپنے بچے کو ایلیمنٹری اسکول سے ملنے والے ہوم ورک کی تعداد سے ناراض تھا اور اس نے اسکول کے پرنسپل سے اس معاملے پر ایکشن لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق والد نے اس معاملے پر اسکول کو فون کرنے کا سلسلہ جاری رکھا اور مبینہ طور پر دھمکیاں بھی دیں۔ والد کے بار بار کالز کر نے پر اسکول کی جانب سے ان کا جواب دینا بند کردیا گیا تھا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق پولیس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسکول کے ایک انتظامیہ افسر نے فون پر سائزمور کے ساتھ متعدد بار بات چیت کی اور اسے فون کالز نہ کرنے کا مشورہ دیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اتنی ساری کالز کرنے کے بعد والد نے مایوس ہوکر ایک گھنٹے میں تقریباً 18 بار آکسفورڈ پولیس ڈیپارٹمنٹ کو کال کی اور جب اس کی پولیس کے سربراہ سے بات نہیں ہوسکی تو وہ مزید مشتعل ہوگیا اور فون پر اسے کہتے سنا گیا کہ توقع کرتا ہوں کہ چیف گھر پر مجھ سے ملاقات کرے گا۔

امریکی والد کا کہنا ہے کہ زیادہ تر الزامات درست نہیں، میں ایک بیٹے اور ایک بیٹی کا اکیلا باپ ہوں اور میں بہترین کرنے کی پوری کوشش کر رہا ہوں، لوگ غلطیاں کرتے ہیں۔



اپنی رائے کا اظہار کریں